اب پرندے زمین سے کوڑا اکٹھا کرکے ٹوکری میں ڈالیں گے،بدلے میں انہیں کیا انعام ملے گا؟جانئے

پیرس (این این آئی)فرانس کے ایک تھیم پارک میں پہلی بار چھ ہوشیار پرندوں سے زمین پر پڑا کوڑا اٹھانے کا کام لیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ملک کے مغربی حصے میں قائم تھیم پارک پوئے دو فو میں کلاغ سیاہ (کوئے کی ایک قسم) کو سگریٹ کے ٹکڑے اور دوسری چھوٹی چیزیں چننے کا کام سکھایا گیا ہے۔وہ ان ٹکڑوں کو اٹھا کر کوڑا ڈالنے کی ٹوکری میں ڈالیں گے اور انھیں ان کی محنت کے بدلے کھانے کی کوئی چیز انعام میں دی جائے گی۔ اس قسم کے پہلے پرندے کو کام پر لگا دیا گیا ہے جبکہ باقی

پرندے پیر سے اپنے کام شروع کریں گے۔پارک کے سربراہ نکولس ڈی ولیئرز نے بتایا اس کا مقصد صرف اس پارک کو صاف رکھنا نہیں ہے۔کیونکہ لوگ خود ہی عام طور پر جگہ کو صاف رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ان کے مطابق اس کا مقصد یہ بھی دکھانا ہے کہ فطرت خود ہمیں سکھا سکتی ہے کہ اپنے ماحول کا کس طرح خیال رکھنا ہے۔انھوں نے کہا کہ کوّے کی نسل کے پرندے جن میں کلاغ سیاہ اور زغن (چھوٹے کوے) خاص طور سے ذہین ہوتے ہیں، وہ انسان سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں اور کھیل کے ذریعے ان سے ایک رشتہ قائم کر لیتے ہیں۔ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ پرندوں نے اپنی ذہانت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے قبل رواں سال سائنسدانوں نے ایک وینڈنگ مشین بنائی جو کوؤں کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت کو واضح کرتی ہے۔مشین میں ٹوکن کے طور پر ایک خاص سائز کے کاغذ کی ضرورت تھی جس کے بعد اس میں سے چیز نکلتی تھی۔سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ کوؤں نے صحیح سائز کے کاغذ کو یاد رکھا اور یہاں تک کہ انھوں نے بڑے سائز کے کاغذ کو صحیح سائز میں لانے کے لیے کترنے کا کام بھی کیا تاکہ ان کا مشین میں استعمال کر سکیں۔

Check Also

موبائل فون کا زیادہ استعمال خاتون کو مہنگا پڑ گیا

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)چین کی رہائشی خاتون موبائل فون پر ہر وقت گیم کھیلنے کی عادت …